Live Updates

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ بلا جواز ہی: سردار عمر دراز خان

منگل 1 جولائی 2025 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بلا جواز ہے، عالمی سطح پر قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، اس اضافہ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، قیمتیں بڑھا کر بجٹ میں تنخواہوں اور پنشنز میں ہونے والا معمولی اضافہ بے اثر ہو گیا۔

حکومت ایک ہاتھ سے تھوڑا دیتی ہے اور دوسرے ہاتھ سے زیادہ نکال لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بار بار قیمتیں بڑھانے کا رجحان اس بات کا ثبوت ہے کہ پالیسی سازی میں عوام کی حالتِ زار کو نظرانداز کیا جا رہا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ہر ماہ نئے معاشی دباؤ میں دھکیل رہی ہے۔

پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے، ڈیزل میں 10 روپے 39 پیسے اور لائٹ ڈیزل میں 9 روپے 45 پیسے کا اضافہ عوام کے صبر کا امتحان ہے۔ اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ، غذائی اشیاء، سبزی، دودھ اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ سردار عمر دراز خان نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اعداد و شمار کے بجائے عوامی حالت کو دیکھ کر فیصلے کرے۔ عوام کا اعتماد تبھی بحال ہو سکتا ہے جب ریاست ان کی مشکلات کو سمجھے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔

صرف بجٹ کے توازن یا عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پوری کرنے سے ملک کے اندرونی مسائل حل نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک عوام کی آواز بن کر حکومت کو باور کرانا چاہتی ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مہنگائی کے طوفان کو روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ سردار عمر دراز خان نے کہا کہ مسلسل مہنگائی سے عوام میں مایوسی اور اضطراب پیدا ہو رہا ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے خطرے کی علامت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرے اور ایسے معاشی فیصلے کرے جن سے ریلیف ملے نہ کہ عوام مزید بوجھ تلے دبیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات