سیکرٹری اوقاف کاحضرت داتا گنج بخشؒ کے غسل انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں داتا دربار کا دورہ

منگل 1 جولائی 2025 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے حضرت داتا گنج بخش کی982ویں سالانہ غسل انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں داتا دربار کا دورہ کیا۔انہوں نے غسل انتظامات اورمزار شریف کے تعمیر اتی و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ایڈ منسٹریٹر داتا دربارشیخ جمیل احمدنے غسل امور اور زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی بارے بریفنگ دی۔

اس موقع پر سیکرٹری اوقاف نے دربا رشریف کے ڈویلپمنٹ ورک کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام میں امن و امان کو مستحکم رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرلی ہے۔ غسل انتظامات سے عہدہ بر ہونے کے لیے محکمہ پوری طرح مستعد ہے۔

(جاری ہے)

غسل پر آنے والے زائرین کی سیکیورٹی، صفائی اور لنگر کے امور کا شاندار اہتمام کیا جائے گا۔

داتا دربار بر صغیر کا سب سے بڑا روحانی مر کز ہے،زائرین کے لیے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت داتا گنج بخش خطے میں پرامن بقائے باہمی کے داعی تھے، جنہوں نے تمام مذاہب کے ساتھ مذاکرے اور مکالمے کی فضا کو فروغ دیا۔اس موقع پر منیجر اوقاف داتا دربار طاہر مقصود، ایس ڈی اوز داتا دربار قیصر منیر،محمد عمران، اوقاف، نیسپاک اور انجم حفیظ کنٹریکٹر کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ داتا دربار غسل کی تقریب خطے کی دینی اور روحانی حلقوں میں معتبر مقام کی حامل ہے، جو کہ 9 محرالحرام1447ھ بمطابق05 جولائی2025 (ہفتہ) بوقت 01:00بجے دوپہر انعقاد پذیر ہوگی، جس میں ڈپٹی پرائم منسٹر آف پاکستان محمد اسحاق ڈار بطورمہمان خصوصی، جبکہ مشائخ و سادات اور اکابر علمی و دینی شخصیات کے علاوہ عمائدین حکومت و سینئر آفیسران بھی شریک ہو ں گے۔پہلے مرحلے میں مہمانِ خصوصی کے ساتھ محدود افراد حجرہء مزار شریف میں رسم غسل ادا کریں گے، ازاں بعد دیگر شرککو حاضری کی سعادت عطا ہوگی۔ اس موقع پر تلاوت، سورہء یسین، نعت، منقبت، شجرہء طریقت و نسب اور خصوصی دعا کا اہتمام ہوگا۔