پاکستان شاہینز کی ٹیم مسلسل تیسری مرتبہ آسٹریلیا میں ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں شرکت کرے گی

منگل 1 جولائی 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) پاکستان شاہینز کی ٹیم ایک بار پھر آسٹریلیا کے شہر ڈارون کا رخ کرے گی جہاں وہ مسلسل تیسری مرتبہ ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں شرکت کرے گی۔ یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ 14 اگست سے 24 اگست 2025 تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے 11 ٹیمیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔ پاکستان شاہینز کا پہلا میچ 14 اگست کو بنگلہ دیش اے کے خلاف شیڈول ہے۔

اس ایونٹ کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک قیمتی تجربہ قرار دیا جا رہا ہے جہاں انہیں عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان شاہینز مسلسل تیسری مرتبہ اس ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمارے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور خود کو منوانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ناردرن ٹیریٹری کرکٹ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس ایونٹ کو ہر سال پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کیا اور ہماری میزبانی کی۔ یاد رہے کہ پاکستان شاہینز نے 2023 میں اس ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جب کہ 2024 میں ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔