Live Updates

3ماہ بعد پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ ہو گا،مصطفی کمال

وزیر اعظم جلد نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دیں گے، ڈریپ کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ہفتے بعد افتتاح کریں گے،وزیرصحت

منگل 1 جولائی 2025 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ 3ماہ بعد پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ موجود ہو گا،وزیر اعظم جلد نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دیں گے، ڈریپ کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ہفتے بعد باقاعدہ افتتاح کریں گے۔سید مصطفی کمال نے نجی ٹی وی کے پروگرام میںگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار کوڈ موبائل سے اسکین کر کے دوا کے اصل ہونے اور ایکسپائری کی مدت چیک کی جا سکے گی۔

انہوںنے کہاکہ فارما انڈسٹری نے فروخت شدہ دواوں پر بار کوڈ لگانے کیلئے 3ماہ کا وقت مانگا ہے۔انہوںنے کہاکہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ فیصلہ 5سال سے زائد عمر کے بچوں میں پولیو کیسز آنے کے بعد کیا گیا، ابتدائی طور پر کراچی اور لاہور میں 15سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا، پشاور اور جنوبی خیبر پختونخوا میں بھی 15سال کے بچوں کو انسدادِ پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نئی ڈیڈ لائن دسمبر2026 ہے، نئی قومی ہیلتھ پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں لا رہے ہیں، وزیر اعظم جلد نئی ہیلتھ پالیسی کی منظوری دیں گے، ڈریپ کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، ایک ہفتے بعد وزیر اعظم اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ بجٹ میں مشروبات پر 50فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی تھی، جو حکومت نے تسلیم نہیں کی، نرسنگ کونسل کے سارے قانون کو تبدیل کر رہے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات