شبیر شاہ کی رہائی کے لیے ڈی ایف پی کی پاکستانی سیاسی قیادت سے مدد کی اپیل

بدھ 2 جولائی 2025 11:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی )نے پاکستان کی سیاسی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ان کے پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ کی فوری رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مداخلت کرے جو پروسٹیٹ کینسر سمیت متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈی ایف پی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے مسلم لیگ (نواز )، پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے نام لکھے گئے ایک خط میں شبیر شاہ کی رہائی کے لیے ان سے سفارتی اور سیاسی مدد کی درخواست کی ہے۔

شبیر احمد شاہ کو2017میں گرفتار کیا گیاتھا اوروہ اس وقت پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وہ پہلے سے ہی صحت کے متعدد مسائل سے دوچارتھے اوراب انہیں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کا وزن کافی کم ہو گیا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں متعدد سرجریز کا مشورہ دیا ہے۔آپریشن کے دوران جیل کے اندر مناسب دیکھ بال ممکن نہیں ہے ۔

خط میں افسوس کا اظہارکیاگیا کہ ان کی بگڑتی ہوئی صحت کے باوجود بھارتی عدلیہ نے انہیں ضمانت دینے سے انکار کیا ہے۔محمودساغر نے جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک، جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر حمید فیاض اور دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی سمیت دیگر کشمیری رہنمائوں کی حالت زار کو بھی اجاگرکیاہے۔یہ تمام رہنما بھارتی جیلوں میں صحت کے سنگین مسائل سے دوچارہیں۔

خط میں کہاگیا کہ5000سے زائد کشمیری کالے قوانین کے تحت بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند ہیں جنہیں منصفانہ ٹرائل اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اوریہ بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ محمود ساغر نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے نام ایک الگ خط میں ان پر زور دیا کہ وہ انصاف، وقار اور آزادی کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کی آواز اور اختلاف رائے کو دبانے کے لیے بھارت کی جانب سے طویل نظر بندی کو بطورہتھیار استعمال کرنے کے حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کو تیز کریں۔