سالانہ امرناتھ یاترا جموں سے شروع ہوگئی، سخت پابندیاں عائد

پولیس نے جموں شہر میں متعد چوکیاں قائم کی ہیں جہاں لوگوں سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے

بدھ 2 جولائی 2025 16:25

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سیکورٹی انتظامات کے نام پر لگائی گئی سخت پابندیوں کے دوران سالانہ امرناتھ یاترا آج جموں سے شروع ہوگئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بال تل روٹ سے جانے والے یاتریوں کا پہلا قافلہ بدھ کی صبح 4 بجے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوا۔

اس کے بعد صبح 4:30بجے یاتریوں کا ایک اور قافلہ پہلگام کے روایتی راستے سے امرناتھ غار کی طرف روانہ ہوا۔روایت کے مطابق یاترا 270 کلو میٹر طویل سرینگر جموں ہائی وے سے آگے بڑھے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی انتظامات کے نام پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ بھارتی فوج، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس ہائی وے ، اس کی سرنگوں، پلوں اور ریلوے ٹریکس کی سخت نگرانی کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

پہاڑی علاقوں سے گزرنے والے راستوں پر خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ مسلسل گشت کے علاوہ بھارتی فوج جموں سرینگر ہائی وے کے ارد گرد کی پہاڑیوں پر مورچہ زن ہے جو قافلوں کی نگرانی اور حفاظت کررہی ہے۔ضلع رامبن میں تقریبا 70 کلو میٹر طویل شاہراہ سے سفر کرنے والے یاتریوں کو چائے اور ناشتے کے لیے چندر کوٹ اور بانہال کے علاقے لامبر میں تھوڑی دیر کے لئے ٹھہرایا جائے گا۔

دریں اثناء پولیس نے جموں شہر میں متعد چوکیاں قائم کی ہیں جہاں لوگوں سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر پولیس نے ضلع بھر میں متعدد اسٹریٹجک مقامات پر مشترکہ چوکیاں قائم کرکے حفاظتی انتظامات کوتقویت دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ چوکیاں انتہائی حساس اور زیادہ نقل و حرکت والے علاقوں میں چوبیس گھنٹے کام کریں گی جس میںشاہراہیں، شہر کے اطراف اور بھگوتی نگر بیس کیمپ کی طرف جانے والے راستے شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ نگرانی اورحفاظت کے لئے پولیس، سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور انڈو تبتین بارڈر پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔