باجوڑ دھماکہ دہشت گردی کی بدترین کارروائی ،شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔خرم نواز گنڈاپور

بدھ 2 جولائی 2025 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے باجوڑ کے علاقے نویگئی میں اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں4 افراد کی شہادت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کا واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کی اس واردات میں ملوث ملک دشمنوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔یہ حملہ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے اور ملک میں خوف کی فضا ءپھیلانے کی مذموم کوشش ہے،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس قسم کے حملے دہشت گردوں کی بزدلی، سفاکیت اور انسانیت دشمن سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔خرم نواز گنڈا پور نے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتی ہے۔