Live Updates

خیبرپختونخوامیں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ

بدھ 2 جولائی 2025 18:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ ساتھ ہی ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔صوبائی دارالحکومت پشاور اور گردونواح میں صبح سویرے تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اس دوران شہر میں ہوائیں چلتی رہیں، جس سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مزید گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دیر بالا، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم اور مہمند میں بھی بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح چترال، خیبر اورکزئی، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ کے اضلاع میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان کے مختلف مقامات پر بھی گرج چمک اور ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں کابل، سوات اور پنجکوڑہ ندیوں میں سیلاب کا خطرہ ہے جب کہ صوابی، مردان، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی آ سکتی ہے۔ اسی کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات