معصوم عوام ،سرکاری افسران کو نشانہ بنانا گھناؤنا ،ناقابل معافی جرم ہے، سیدال خان ناصر

اس قسم کی کارروائیاں قوم کے حوصلے پست کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

بدھ 2 جولائی 2025 18:57

کوئٹہ +اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے ضلع باجوڑ میں پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی، تحصیلدار اور متعدد معصوم شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ دہشت گردی کی اس مکروہ واردات نے ملک دشمن عناصر کے سفاک عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ معصوم عوام اور سرکاری افسران کو نشانہ بنانا ایک انتہائی گھناؤنا اور ناقابل معافی جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں قوم کے حوصلے پست کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور پوری قوم افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے ریاست میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔سیدال خان نے سانحے میں شہید ہونے والے افسران اور شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور صدمے کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ریاست، ادارے اور عوام دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔