چیئرمین صدر ٹائون کا سالانہ کارکردگی سرٹیفکیٹ مرحوم آصف عظیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان

کھیلوں کے مخلص سپاہیوں کو خراجِ عقیدت، مختلف شعبوں کی شخصیات کی شرکت،سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کا میجر محمود ریاض کے نام سے اکیڈمیز کے قیام کا اعلان

بدھ 2 جولائی 2025 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)چیئرمین صدر ٹائون منصور شیخ نے اعلان کیا ہے کہ ٹان ملازمین کی سالانہ کارکردگی پر جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹس مرحوم ڈائریکٹر میڈیا آصف عظیم کے نام سے منسوب کیے جائیں گے۔بلدیہ اعلی صدر ٹان کے تعاون سے اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس)کے تحت مرحوم ڈائریکٹر اسپورٹس کے پی ٹی میجر(ر)محمود ریاض اور مرحوم آصف عظیم کی یاد میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین صدر ٹان منصور شیخ نے کی، جبکہ خطاب کرنے والوں میں پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم، سجاس کے صدر محمود ریاض، سیکریٹری شاہد عثمان ساٹی، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین وسیم ہاشمی، سافٹ بال فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر فرحان عیسی، سندھ سافٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ذیشان مرچنٹ، کمشنر کراچی اسپورٹس ونگ کے ڈائریکٹر غلام محمد، سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد رفیق، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین سیدین رضا زیدی، کے پی ٹی کے ڈائریکٹر میڈیا محمد شارق، مسز میجر محمود، شیراز آصف، سینئر صحافی عتیق الرحمان اور زبیر نذیر خان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میونسپل کمشنر حسن جھیو، صدر ٹان کے اکانٹ آفیسر نعیم یوسفی، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا صدر ٹان آسما ایاز، ٹان ملازمین، سجاس کے عہدیداران و ممبران اور مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں چیئرمین صدر ٹان منصور شیخ نے کہا کہ آصف عظیم اور میجر (ر)محمود ریاض کھیلوں سے محبت کرنے والی شخصیات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی میں بطور ٹرسٹی اور صدر ٹان میں بطور چیئرمین، میں نے خود ان کی کھلاڑیوں سے محبت اور سرپرستی دیکھی ہے۔ آئندہ ٹان کے سالانہ سرٹیفکیٹس آصف عظیم کے نام سے منسوب کیے جائیں گے۔پی ایس ڈبلیو ایف کے سیکریٹری جنرل اصغر عظیم، سجاس کے صدر محمود ریاض، سیکریٹری شاہد ساٹی اور دیگر مقررین نے مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل اور کھلاڑی اپنے مخلص دوستوں سے محروم ہو گئے ہیں، لیکن ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

سندھ جوڈو ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبے بھر میں میجر محمود ریاض کے نام سے جوڈو اکیڈمیز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔تعزیتی اجلاس میں آصف عظیم کے صاحبزادے شیراز آصف اور مسز میجر محمود نے صدر ٹان اور سجاس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں یہ جان کر دلی سکون ملا کہ آصف عظیم اور محمود ریاض کھلاڑیوں کے دلوں پر راج کرتے تھے۔تقریب کے اختتام پر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔