}باجوڑ دھماکہ دہشت گردی کی بدترین کارروائی ہی: خرم نواز گنڈاپور

ّشہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکرتے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے دہشت گرد ملک اور انسانیت کے دشمن ہیں، انہیں نشان عبرت بنایا جائے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے باجوڑ کے علاقے نویگئی میں اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں 4 افراد کی شہادت اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کا واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے۔

دہشت گردی کی اس واردات میں ملوث ملک دشمنوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ یہ حملہ ریاستی اداروں کو کمزور کرنے اور ملک میں خوف کی فضا پھیلانے کی مذموم کوشش ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ اس قسم کے حملے دہشت گردوں کی بزدلی، سفاکیت اور انسانیت دشمن سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پہلے ہی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑ چکا ہے، ان تازہ واقعات نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ ہمیں دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت سے متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے ہمدردوں کو فی الفور گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔

خرم نواز گنڈا پور نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتی ہے۔