ةپیاف کا ایکسچینج کمپنیوں کو پاکستان ریمیٹینس انیشی ایٹو میں شامل کر نے کے اقدام کا خیر مقدم

/حکومت اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے مراعاتی اسکیموں کا اجراء کرے‘ پیٹرن سہیل نثار،چیئرمین سید محمود غزنوی

بدھ 2 جولائی 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2025ء) یٹرن انچیف پیاف میاں سہیل نثار ،چیئرمین سید محمود غزنوی ،سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے ایکسچینج کمپنیوں کو پاکستان ریمیٹینس انیشی ایٹو میں شامل کر نے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے مراعاتی اسکیموں کا اجراء کرے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں پیاف کے عہدیداروں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا معیشت کو سہارا دینے میں کلیدی کردار ہے ، حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کو برآمدات کے تناظر میں دیکھے اور انہیںاسی طرز پر مراعات بھی دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیوں کو پاکستان ریمیٹینس انیشی ایٹو میں شامل کرنے سے انہیں برابری کا میدان میسر آیا ہے جس سے وہ مزید خوش دلی سے کام کریں گے اور اس سے ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں کام کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں نے گزشتہ مالی سال میں4 ارب ڈالر اکٹھے کیے ،یہ تمام ترسیلات زر انٹربینک مارکیٹ میں فروخت کی گئیں جس سے اسٹیٹ بینک کو زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط کرنے اور تجارتی خسارے کی مالی معاونت میں مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً 1 کروڑ 50 لاکھ پاکستانی تارکینِ وطن ہیں، حکومت کو چاہیے کہ ان کے لئے مراعاتی اسکیموں کا اجراء کرے تاکہ یہ لوگ اپنے ملک میں ترسیلات زر بھجوانے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کریں جس سے ہماری معیشت کو تحرک ملے گا۔