اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ڈرگز اینڈ کرائم کے اعلی سطحی وفد کی سنٹرل پولیس آفس آمد

سینئر نیشنل کنسلٹنٹ سابق آئی جی طارق کھوسہ کی قیادت میں اعلی سطحی کے وفد کی آئی جی ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

بدھ 2 جولائی 2025 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ڈرگز اینڈ کرائم کے اعلی سطحی وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔سینئر نیشنل کنسلٹنٹ سابق آئی جی طارق کھوسہ کی قیادت میں اعلی سطحی وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ وفد میں یو این او ڈی سی کے نیشنل کنسلٹنٹ ایڈیشنل آئی جی (ر)سرمد سعید، نیشنل پروگرام مینیجر بیت اللہ خان، علی امتنان و دیگر شامل تھے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کو آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کے لئے پنجاب پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت قائم کردہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

یو این او ڈی سی اور پنجاب پولیس کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے اور آرگنائزڈ کرائم کے تدارک کیلئے بین الصوبائی کوارڈینیشن سے پاکستان بھر کے لئے یکساں سٹریٹیجی تشکیل دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایف آئی اے، نیکٹا سمیت تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں، سول سوسائٹی کی مشاورت سے سائبر کرائم، دہشت گردی، منی لانڈرنگ، غیر قانونی ہیومن ٹریفیکنگ اور ڈرگز سمگلنگ سمیت سنگین جرائم سے نمٹنے کے لئے یکساں طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ یو این او ڈی سی پنجاب سمیت ملک بھر میں آرگنائزڈ کرائم سٹریٹیجی کے فروغ کے لئے مشاورتی ورکشاپس اور سیمینار منعقد کرے گا۔

وفد نے شہدا اینڈ غازی والز، پولیس میوزیم اور کانسٹیبلری لاوئج سمیت سنٹرل پولیس آفس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ یو این او ڈی سی کے سینئر نیشنل کنسلٹنٹ سابق آئی جی پنجاب طارق کھوسہ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو اپنی کتاب پیش کی۔ وفد کے سربراہ اور آئی جی پنجاب کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی فنانس اور اے آئی جی مانیٹرنگ سمیت سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت۔