چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات

جمعرات 3 جولائی 2025 18:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائزمین سیمو مبامبونے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے وسیع شعبوں اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو آئی آیس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں افواج کے درمیان مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے لئے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے وسیع تر جغرافیائی سیاسی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے علاقائی سلامتی کے منظر نامے پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کیا اور علاقائی امن اور استحکام کے لئے پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔