پاک ایران مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی گہرا رشتہ ہے جو کبھی کمزور نہیں ہو سکتا:گورنر پنجاب

جمعرات 3 جولائی 2025 19:23

پاک ایران مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی گہرا رشتہ ہے جو کبھی کمزور نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لاہور میں واقع اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کیا۔گورنر پنجاب نے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ:ایران نے اسرائیلی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دے کر اپنی خودداری کا ثبوت دیا۔انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی بین الاقوامی سازشیں جاری ہیں، جنہیں اتحاد و یکجہتی سے شکست دی جا سکتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی گہرا رشتہ ہے جو کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر اسلامی ممالک کی خودمختاری، آزادی اور جغرافیائی سالمیت کے حق میں آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ گورنر پنجاب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے اسرائیلی مظالم کے خلاف پاکستان کی قومی و حکومتی سطح پر حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر اظہار تعزیت بھی کیا۔قونصل جنرل نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے اور دونوں ممالک مل کر خطے میں ترقی، استحکام اور بھائی چارے کو مضبوط کر سکتے ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے قونصلیٹ کی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔