کراچی ،حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی مفتی محمد قاسم فخری ، علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات

جمعرات 3 جولائی 2025 22:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ایک وفد نے مفتی محمد قاسم فخری اور علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات کی ہے اور انہیں آٹھ جولائی کو’’برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر ’’ بنیانِ مرصوص ‘‘ کے عوان سے نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد نے تحریک لبیک پاکستان کے رہنما اور رکنِ صوبائی اسمبلی سندھ مفتی محمد قاسم فخری اور شیعہ علماء کونسل کے ممتاز رہنماعلامہ سیّد شہنشاہ حسین نقوی اور فلسطین فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر مریم ابو صابر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کی گئی اور علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

مفتی محمد قاسم فخری اور علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے خلاف ننگی جارحیت کی لیکن اسے منہ کی کھانی پڑی۔

انہوںنے کہا کہ پاک افواج نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔حریت کانفرنس کے وفد میں سابق کنوینر سید یوسف نسیم، سیکریٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف اور شیخ عبد الماجد شامل تھے۔اس موقع پر مفتی محمد قاسم فخری اور علامہ شہنشاہ نقوی نے وفد کو ریلی میں اپنی بھرپور شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ برہان وانی جیسے نڈر کشمیری نوجوانوں کی قربانیاں تحریکِ آزادی کشمیر کا روشن باب ہیں۔

انہوںنے کہا کہ شہداء کو یاد رکھنا ہمارا قومی و دینی فریضہ ہے۔دریں اثنا حریت وفد نے پاکستان سنگھ کونسل کے چیئرمین اور سکھ برادری کے معتبر رہنما ڈاکٹر رمیش سنگھ اور سردار رام سنگھ سے بھی ملاقات کی۔ ڈاکٹر رمیش سنگھ نے اس موقع پر کیا کہ سکھ قوم کشمیریوں کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھتی ہے اور وہ نہ صرف 8جولائی کی تاریخی ریلی میں بھرپور شرکت کرے گی بلکہ مظلوم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دنیا کے ہر فورم پر اٴْجاگر کرنے میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ، کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے جائز مقصد کی حمایت کو اپنا اخلاقی فرض سمجھتے ہیں۔حریت رہنمائوں نے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جبر و استبداد، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔