انڈر19 سکلز اسسمنٹ کیمپ کے تیسرے مرحلے کے لیے 30کھلاڑیوں کا اعلان

جمعرات 3 جولائی 2025 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان میں انڈر 19سکلز اسسمنٹ کیمپ کے تیسرے مرحلے کے لیے 30کھلاڑیوں کے انتخاب کا اعلان کیا ہے۔ تیسرا مرحلہ پیر 7جولائی سے شروع ہوگا اور اگلے ماہ کے آخر تک چلے گا۔20کھلاڑیوں کا انتخاب دو مرحلوں میں منعقدہ ایک جامع میچ پر مبنی تشخیصی عمل کے بعد کیا گیا، جس میں یوتھ ڈویلپمنٹ کے سربراہ اظہر علی کی نگرانی میں کل 65کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

10کھلاڑی جو پہلے پاکستان انڈر 19کی نمائندگی کر چکے ہیں اور آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ 2026میں شرکت کے اہل ہیں انہیں کیمپ کے تیسرے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے۔ یکم ستمبر 2006کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی آئندہ آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

سکلز اسسمنٹ کیمپ کے تیسرے مرحلے کا مقصد کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنا ہے تاکہ آنے والے ڈومیسٹک ایونٹ کے ساتھ ساتھ اے سی سی انڈر 19ایشیا کپ اور آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ سمیت بین الاقوامی ایونٹس کے لیے ٹیلنٹ کا ایک مضبوط پول تیار کیا جا سکے۔

کھلاڑیوں میں عباس خان، عبدالوہاب، علی حسن بلوچ، اسد عمر، دانیال علی خان، غلام حیدر، حمزہ ظہور، ہارون خان، حضرت علی، حذیفہ احسن، ابتسام اظہر، محمد ارشد، محمد عباس آفریدی، نقاب شفیق، رانا عدیل مشتاق، رضوان اللہ، سعد یعقوب، سعد یحیی، سعد یعقوب اور دیگر شامل ہیں۔ تیسرے مرحلے میں 10کھلاڑی (پہلے ہی پاکستان U19کی نمائندگی کر چکے ہیں)ان میں عبدالسبحان، احمد حسین، فرحان یوسف، حسن خان، محمد حذیفہ، محمد طاہر، مومن قمر، طیب عارف، عمر زیب اور عثمان خان شامل ہیں۔