جلائو گھیرائو کیس میں پانچ گواہوں کے بیانات قلمبند ،مزید سماعت 10 جولائی تک ملتوی

جمعرات 3 جولائی 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جناح ہائوس جلائو گھیرائو کیس میں پانچ گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد مزید سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں نو مئی کے واقعے میں جناح ہائوس جلائو گھیرا ئوکیس کا جیل ٹرائل کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران پانچ گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، جن پر وکلا صفائی نے جرح بھی کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 10 جولائی تک ملتوی کر دی۔ مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، میاں اسلم اقبال، مراد راس، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، میاں محمود الرشید، علی امین گنڈا پور سمیت دیگر متعدد رہنمائوں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ تھانہ سرور روڈ پولیس نے چالان عدالت میں پیش کر رکھا ہے۔