پ*اپوزیشن کا اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 4 جولائی 2025 22:15

ق*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن کے 26 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس کے معاملے پر اپوزیشن جماعت نے آئندہ ہفتے سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع اپوزیشن کے مطابق آئندہ ہفتے ریفرنس اور اسپیکر کی رولنگ کے خلاف پٹیشن دائر کی جائے گی جبکہ پٹیشن میں سپیکر پنجاب اسمبلی کو فریق بنایا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے ریفرنس سے متعلق پارٹی قیادت و قانونی ماہرین سے مشاورت کی، جس میں ریفرنس کے نکات اور سپیکر کی جانبداری پر پٹیشن تیار کی جائے گی۔ پنجاب اسمبلی میں حکومتی وزراء اور ارکان کے احتجاج کی فوٹیج کو بھی پٹیشن کا حصہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے اہم مشاورتی اجلاس میں اپوزیشن کی رائے تھی کہ احتجاج پر اپوزیشن کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تو حکومت ارکان کے خلاف کیوں نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق سپیکر کی جانب سے عمر عطا بندیال کے جس فیصلے کو نظیر بنا کر ریفرنس تیار کیا گیا ہے اسکے خلاف قاضی فائز عیسیٰ فیصلہ دے چکے ہیں۔ سپیکر کو پارلیمانی لیڈر کی جانب سے کوئی ایسا مکتوب نہیں ملا کہ معطل ہونے والے ارکان انکے احکامات یا ہدایات پر عمل نہیں کر رہے۔ اپوزیشن سپیکر کے ریفرنس کے خلاف الیکشن کمیشن میں اپنا کیس لڑے گی۔