سمیڈا اور اخوت اسلامی مائیکروفنانس کے درمیان کاروبار کے فروغ و ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)اور اخوت اسلامی مائیکروفنانس کے درمیان چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ و ترقی کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئی-معاہدے پر دستخط کی تقریب ہفتہ کے روز سمیڈا ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سقراط امان رانا اور اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کیے ۔

معاہدے کے تحت سمیڈا کاروباری افراد کو فنی تربیت، مشاورت اور بزنس پلاننگ کی سہولت فراہم کرے گا، جبکہ اخوت اسلامی مائیکروفنانس منظور شدہ کاروباری منصوبوں کے لیے بلاسود قرضے فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

سمیڈا کے سی ای او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے ،یہ معاہدہ پاکستان میں چھوٹے کاروباری حضرات کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا، جو انہیں اپنے کاروبار کو شروع کرنے اور ترقی دینے کا عملی موقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا اس شراکت داری کے ذریعے ملک میں غربت کے خاتمے، خود روزگاری کے فروغ اور معاشی خود کفالت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان، خواتین اور فنی مہارت رکھنے والے افراد اس پروگرام سے براہ راست مستفید ہو سکیں گے۔اخوت کے چیئرمین نے اس موقع پر کہا، ہم اسلامی معاشی اصولوں کے مطابق بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں اور سمیڈا کے اشتراک سے یہ کام مزید موثر انداز میں کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 70لاکھ افراد کی چھوٹے قرضوں تک رسائی ہے، اس کو 4کروڑ افراد تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔