ٹیکساس شدید سیلاب کی لپیٹ میں، 24 افراد ہلاک، 20 بچے لاپتا‘ ریاست میں ایمرجنسی نافذ

ہفتہ 5 جولائی 2025 19:37

ٹیکساس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2025ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے ضلع کر کاؤنٹی میں آنے والے اچانک اور شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم چوبیس افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 بچے لاپتا ہو گئے ہیں۔ یہ بچے ایک سمر کیمپ میں موجود تھے جب گواڈالوپ دریا کا پانی خطرناک حد تک بلند ہو گیا۔ حکام نے ریاست میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق کیمپ سے کم از کم 20 بچوں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ کیمپ میں موجود دیگر بچوں سے والدین کا رابطہ بھی وقتی طور پر منقطع ہے۔ ڈین پیٹرک نے والدین کو تسلی دی کہ جن بچوں کی اطلاعات ابھی موصول نہیں ہوئیں، وہ ممکنہ طور پر محفوظ ہیں، تاہم مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث تاخیر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو اداروں نے 14 ہیلی کاپٹرز، 12 ڈرونز، 9 ریسکیو ٹیمیں اور 500 سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں۔

درجنوں غوطہ خور اور امدادی کارکن تلاش جاری رکھے ہوے ہیں ۔ علاقے میں کئی اور سمر کیمپس بھی موجود ہیں، جو 4 جولائی کی تعطیلات کے باعث بچوں سے بھرے ہوئے تھے۔ سوشل میڈیا پر درجنوں شہریوں نے اپنے لاپتا پیاروں کی تلاش کے لیے پوسٹس شیئر کی ہیں۔ ایک خاتون نے بتایا کہ اس کی بیٹی اور داماد کا گھر پانی میں بہہ گیا، جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ اس کے دادا دادی گواڈالوپ دریا کے قریب رہتے تھے اور گزشتہ 24 گھنٹوں سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔گورنر گریگ ایبٹ نے ریاستی اداروں کو تمام تر وسائل متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔