Live Updates

راولپنڈی ڈویژن میں یوم عاشور کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) راولپنڈی ڈویژن میں یوم عاشور کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار جلوسوں کے تمام روٹس پر تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ کنٹرول رومز ہمہ وقت فعال ہیں۔ جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے مری کے دورے کے دوران ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مری میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے یوم عاشور کے جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس اور مری انتظامیہ نے اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ملک صہیب بھرتھ نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ سیکورٹی انتظامات کا ازخود جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر سبیلیں قائم کی گئی ہیں اور بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر واسا، میونسپل کمیٹی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے اور محکمے جلوسوں کے روٹس پر مکمل طور پر متحرک اور فعال ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے امن و امان کی فضا قائم ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات