جولائی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہے،مصطفی بلوچ

اس دن ایک عوامی طور پر منتخب حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹا کر آمریت مسلط کی گئی، ترجمان حکومتِ سندھ

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)ترجمان حکومتِ سندھ، مصطفی بلوچ نے کہا ہے کہ 5جولائی پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہے، جب ایک عوامی طور پر منتخب حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ہٹا کر آمریت مسلط کی گئی۔ ترجمان حکومتِ سندھ، مصطفی بلوچ کا کہنا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا، اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کو پہلا متفقہ آئین دیا۔ ترجمان حکومتِ سندھ، مصطفی بلوچ کے مطابق شہید بھٹو نے مزدور، کسان، طلبہ اور عام شہری کو آواز دی اور ان کو قومی دھارے میں شامل کیا۔ ترجمان حکومتِ سندھ، مصطفی بلوچ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملکی خودمختاری کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

(جاری ہے)

ترجمان حکومتِ سندھ نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور اقتدار کو ایوانوں سے نکال کر عوام تک پہنچایا۔مصطفی بلوچ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت شہید بھٹو کے جمہوری وژن پر گامزن ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ترجمان حکومتِ سندھ، مصطفی بلوچ نے عزم دہرایا کہ شہید بھٹو کے مشن کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا تاکہ پاکستان جمہوری، مضبوط اور خوشحال ریاست بن سکے۔ ترجمان حکومتِ سندھ، مصطفی بلوچ کا کہنا تھا کہ جمہوریت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور عوامی رائے کا احترام ہر حال میں لازم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی فکر، قربانی اور وژن کے وارث ہیں، اور ان کے راستے پر چلتے ہوئے جمہوریت کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔