ڈی سی زیارت ذکا اللہ درانی کا خواتین کو ڈیم میں ڈوبنے سے بچانے والے نوجوان کو خراج تحسین

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر زیارت ذکاءاللہ درانی نے زیارت کے علاقے منہ میں خواتین کو ڈیم میں ڈوبنے سے بچانے والے نوجوان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یاد رہے نوجوان شمال خان نے اپنی زندگی پر کھیل کر زڑگئی ڈیم میں ڈوبنے والی تین میں سے دو خواتین کو زندہ نکال لیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلوچستان رقبہ کے لحاظ سے بہت بڑا صوبہ ہے اور یہاں ریسکیو ٹیموں کا متعلقہ جگہوں پر پہنچنے میں کافی وقت لگتا ہے،ایسے میں ایسے بے لوث نوجوان ہی کارگرثابت ہوتے ہیں۔

شمال خان جیسے لوگ نہ صرف بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہیں بلکہ انسانیت کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمال خان نے انسانیت کی خاطر بغیر کسی لالچ کے اپنی زندگی پر کھیل کر دو انسانوں کی جان بچائی، اسے بہترین انسانی خدمت کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا جائے گا اور مزید حوصلہ افزائی کے لیے حکام بالا سے سفارش کی جائے گی۔