واقعہ کربلا اصولوں پر ڈٹ جانے اور حق و انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کی ترغیب دیتا رہے گا، چیئر مین سینٹ

اتوار 6 جولائی 2025 01:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ واقعہ کربلا اصولوں پر ڈٹ جانے اور حق و انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کی ترغیب دیتا رہے گا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے (یومِ عاشورہ 1447ھ / 2025ء ) کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشورہ تاریخِ اسلام کا وہ روشن باب ہے جو صبر، استقامت، حوصلے، وفاداری، قربانی اور حق کی سربلندی کی عظیم مثالوں سے مزین ہے،یہ دن امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے، جنہوں نے باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے راہِ حق میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کربلا کا واقعہ محض ایک تاریخی سانحہ نہیں، بلکہ ایک ایسا ابدی پیغام ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے، اصولوں پر ڈٹ جانے، اور حق و انصاف کے لیے ہر قربانی دینے کی ترغیب دیتا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ امام حسین علیہ السلام نے اپنی شہادت سے امت کو یہ سکھایا کہ طاقت و اختیار کا معیار حق نہیں، بلکہ حق وہی ہے جو عدل، سچائی اور اخلاقی جرات پر قائم ہو۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یومِ عاشورہ ہمیں یہ عہد یاد دلاتا ہے کہ ہم ظلم، ناانصافی، منافرت اور فرقہ واریت کے خلاف کھڑے ہوں، اور اپنے معاشرے میں رواداری، بھائی چارے، باہمی احترام اور اتحاد کو فروغ دیں۔ امام حسینؑ کی سیرت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ مشکلات اور آزمائشوں کے باوجود حق کا علم بلند رکھنا ہی اصل کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر ہمیں باہمی رواداری اور وحدتِ امت کا عملی مظاہرہ کرنا ہے تاکہ وطنِ عزیز میں امن، سلامتی اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوںنے کہاکہ انہوں نے تمام اہلِ وطن سے اپیل کی کہ اس دن کو اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے پیغام کے طور پر منائیں۔ آئیے ہم سب امام حسینؑ کی تعلیمات سے رہنمائی لیتے ہوئے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جو مظلوم کا سہارا اور ظالم کے خلاف ڈٹ جانے والا ہو۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، اتحاد اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔آمین