بھارت،ریاست ہریانہ میں خاتون کو ٹرین میں اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بناکر پٹریوں پر پھینک دیاگیا

پیر 7 جولائی 2025 12:05

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) بھارت میں اجتماعی عصمت دری کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ریاست ہریانہ میں ایک 35سالہ خاتون کو سونی پت کے ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے اندر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد پٹریوں پر پھینک دیا گیا جہاں وہ ایک اور ٹرین کی زد میں آ کرایک ٹانگ سے محروم ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق متاثرہ خاتون کو سونی پت کے سول ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سے اسے روہتک کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ خاتوں نے ہسپتال کی ڈاکٹر کو واقعے کے بارے میں بتایا۔خاتون 24جون کو لاپتہ ہو گئی تھی، اس کے شوہر نے 26جون کو پولیس سٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔25جون کی رات کچھ لوگوں نے خاتون کو ہندو کالج کے قریب پٹریوں پر زخمی حالت میں دیکھا، انہوں نے اسے سول ہسپتال میں داخل کرایا، بعد میں اسے روہتک ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

قلعہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے پولیس کو اجتماعی زیادتی کے بارے میں بتایا جس کے بعد ایک ٹیم نے ہسپتال کا دورہ کیا اور خاتون کا بیان ریکارڈ کیا۔ ایس ایچ او نے کہاکہ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے ڈبے میں تین افراد نے اس کی اجتماعی عصمت دری کی۔