مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک بھارتی فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک

پیر 7 جولائی 2025 16:16

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں دو الگ الگ واقعات میں ایک بھارتی فوجی اورایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی کی موت ضلع راجوری کے علاقے کالاکوٹ میں پراسرار حالات میں ہوئی۔ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل جس کی شناخت جموں کے رہنے والے یشپال سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، ضلع پلوامہ میں لیتہ پورہ کے قریب سرینگر جموں شاہراہ پر ایک ٹپر کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ضلع اسلام آباد میں بجبہاڑہ کے علاقوں جبلی پورہ، آروانی، واگہامہ ، سری گفوارہ اور مرہامہ میں آوارہ کتوں کے حملوں میں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے جن میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے دو اہلکار اور پانچ شہری شامل ہیں۔سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بجبہاڑہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مشتاق احمد نے زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے کئی مریض ہسپتال آئے جن میں سی آر پی ایف کے دو سپاہی اور پانچ شہری شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے بجبہاڑہ میں ایسے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔