مقبوضہ جموں وکشمیر میں شہید برہان مظفر وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پوسٹر چسپاں

پیر 7 جولائی 2025 16:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ممتاز نوجوان کشمیری رہنما شہید برہان مظفر وانی کو ان کی9ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کو بھارتی فوجیوں نے 8جولائی 2016کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

ان کے ماورائے عدالت قتل سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑے پیمانے پر عوامی احتجاجی تحریک شروع ہوگئی تھی جس دوران بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے برسا کر 150سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اورسینکڑوں کو زخمی کیاتھا۔جموں وکشمیر پیپلز ریزسٹس پارٹی اوردیگر آزادی پسندتنظیموںکی طرف سے لگائے گئے پوسٹروں میں کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حق پر مبنی تحریک آزادی کشمیر کو مضبوط بنائیں اورہندوتوا بھارت کے کشمیر دشمن عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا بھرپورکردار اداکریں۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ شہید برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 8جولائی کو خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کریںاور اپنے اپنے علاقوں میں مزار شہداء اورترال میںشہید برہان وانی کے مزار پر جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کریں ۔