نصیرآباد ،یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 7 جولائی 2025 19:01

نصیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)ملک بھر کی طرح نصیرآباد میں بھی محرم الحرام کے موقع پر یوم عاشورہ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ضلع بھر میں مختلف مقامات سے ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں عزاداروں نے شہدائے کربلا کی یاد میں پرسوز ماتم کیا۔ نصیرآباد کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفر امام صادق ڈیرہ مراد جمالی سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا شام کے وقت امام بارگاہ واپس پہنچا۔

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ، ایس ایس پی غلام سرور بھیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا اور سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے موقع پر موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں میں زخمی ہونے والے عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔پولیس اور ایف سی کے جوان سندھ بلوچستان قومی شاہراہ، مختلف چوراہوں اور لنک روڈز پر تعینات رہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ کی گئی۔ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر محمد سلیم ڈومکی کی ہدایت پر فائر بریگیڈ کے ذریعے جلوس کے راستوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ گرد و غبار کم ہو اور شرکاء کو سہولت ملے۔

یوم عاشورہ کے موقع پر منجھو شوری اور تحصیل چھتر میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوکر اختتام پذیر ہوئے۔ماتم کے دوران زخمی ہونے والے عزاداروں کو ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کے احکامات کی روشنی میں فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف ایمبولینس کے ہمراہ موجود رہے۔ اس موقع پر علامہ مشتاق حسین عمرانی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شہدائے کربلا اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی اور عزاداروں کی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں تاکہ یہ دن پُرامن طریقے سے گزارا جا سکے۔