سردار عتیق احمد کے مختلف اضلاع کے دورے ،پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں ، بیماروں کی عیادت

پیر 7 جولائی 2025 21:45

مظفرآباد /غازی آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان گزشتہ روز مختلف اضلاع کے دورے پر سرگرم دکھائی دیے جہاں انہوں نے پارٹی کارکنان سے ملاقاتیں کیں، بیماروں کی عیادت اور مختلف شخصیات کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔غازی آباد میں سردار عتیق احمد خان نے مجاہد اول ہاؤس میں مسلم کانفرنس کے کارکنان سے خصوصی ملاقات کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ13 جولائی سے 19جولائی تک مسلم کانفرنس کے کارکنان ہفتہ الحاق پاکستان کو جوش خروش سے منائیں، تحریک الحاق پاکستان کے تاریخی پس منظر، قرارداد الحاق، کشمیری عوام کی قربانیوں اور پاکستان سے وابستگی کو نمایاں کیا جائے ۔آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس وہی جماعت ہے جس نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں تاریخی قرارداد الحاق پاکستان منظور کی تھی، اس لیے اس ہفتے کی اہمیت مسلم کانفرنس اور کشمیری عوام کے لیے نہایت اہم اور قابل فخر ہے ، اس موقع پر انہوں نے تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

کارکنان نے صدر جماعت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔مظفرآباد میں سردار عتیق احمد خان نے سینئر سیاستدان و سابق ایم ایل اے حنیف اعوان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اسی روز سردار عتیق احمد خان نے مظفرآباد میں سابق سیکرٹری سید عابد گیلانی کی رہائشگاہ جا کر ان کی اہلیہ کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

بعد ازاں، گڑھی دوپٹہ میں انہوں نے وحید خان مغل کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔دریں اثناء، صدر مسلم کانفرنس نے رنگلہ سے تعلق رکھنے والے مسلم کانفرنس کی مجلس عاملہ کے ممبر راجہ محمد عثمان خان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی جماعتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سردار عتیق احمد خان نے دعا کی کہ''اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔