خیبرپختونخوا کے نوجوانوں نے موقع ملنے پر انتہائی کم وسائل کے باوجود اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا، فیصل کریم کنڈی

پیر 7 جولائی 2025 21:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان بک آف ریکارڈ کے بانی اور گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر احمد حسین نے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کی ۔ وفد میں حبیب احمد اور نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت مصطفیٰ خان آفریدی شامل تھے ۔ ملاقات میں پشاور میں پاکستان بک آف ریکارڈ کی تقریب کو بحال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صوبہ کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں جنہوں نےہمیشہ موقع ملنے پر انتہائی کم وسائل کے باوجود اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ کوشش ہے کہ صوبہ کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور اس سلسلے میں عنقریب خیبر پختونخوا میں پہلے گورنر ایوارڈ شو کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں صوبے کا سافٹ امیج کھیلوں کے ذریعے روشن کرنے والے باصلاحیت نوجوانوں اور صوبے کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے احمد حسین کی جانب سے ٹیلنٹ کو پروموٹ کرنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ احمد حسین نے اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی کے جذبات ، ان کے ویژن اور کردار کو سراہا اور اس کردار کو صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کی بہبود کے لیے ایک بہترین قدم قرار دیا۔