تحریک آزادی میں نئی روح پھونکنے والے برہان مظفر وانی شہید کی نویں برسی آزاد کشمیر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

منگل 8 جولائی 2025 18:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) جموں و کشمیر میں جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونکنے والے برہان مظفر وانی شہید کا نواں یوم شہادت آزاد کشمیر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔ اس سلسلے میں کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام آل پارٹیز حریت کانفرنس کے تعاون سے برہان مظفر وانی شہید اور تحریک آزادی کشمیر کے شہدا کی لازوال خدمات پر خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے دارالحکومت مظفرآباد میں ریلی نکالی گئی۔

ریلی ڈسٹرکٹ کمپلیکس مظفرآباد کے احاطہ سے ہوتی ہوئی شہید برہان وانی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سیکرٹری لبریشن سیل رفاقت مغل، سیکرٹری وائلڈ لائف عامر محمود مرزا، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ محمد اسلم خان، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما یاسین گلشن، مشتاق اسلام، مشتاق بٹ، صدر ایپکا، ملازمین اور سول سوسائٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریلی کے شرکا نے شہید برہان وانی کی بھارتی مظالم کے خلاف مزاحمت اورجدوجہد آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا۔شرکانے برہان وانی کے حق میں نعرے بازی کی۔ شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریک آزادی کشمیر کے شہدا اور کشمیری شہدا کے حق میں عبارات درج تھیں۔ شرکانے "زندہ ہے وانی زندہ ہے" ، "بھارت سے لیں گے آزادی"، "برہان کے صدقے آزادی"، "کشمیر بنے گا پاکستان "، " ہم لے کر رہیں گے آزادی"، بھارتیو غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو"، اور "برہان تیرے خون سے انقلاب آئے گا"کے نعرے بلند کئے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ محمد اسلم خان نےکہا کہ آج شہید برہان وانی کی جدوجہد آزادی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔ شہید برہان وانی نے بھارتی استبداد کے خلاف مزاحمت اختیار کرتے ہوئے کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونکی، شہید برہان مظفر وانی ہمارے نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں نوجوان ان کے راستے پر چل کر تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں یاسین گلشن اور مشتاق اسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید برہان مظفر وانی نے چھوٹی عمر میں بھارت کے کشمیریوں پر مظالم کو دیکھتے ہوئے ان کے غاصبانہ عزائم کو بھانپ لیا تھا، اپنے بھائی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد انہوں نے بھارت کے خلاف مزاحمت کا راستہ اختیار کیا اور جدوجہد آزادی میں عملی جدوجہد کا آغاز کیا۔ 8جولائی 2016 کو ان کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی، آج ہم بھارت پر یہ واضح کرتے ہیں کہ کشمیری برہان وانی سمیت تمام شہداکے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور بھارت کے غاصبانہ قبضے سے کشمیر کو آزاد کرانے تک جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔