قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر افتخار علی کی بیجنگ میں منعقدہ عالمی ویسٹ مینجمنٹ کانفرنس میں شرکت

منگل 8 جولائی 2025 20:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر افتخار علی نے بیجنگ کی تسنگھوا یونیورسٹی میں منعقدہ 20ویں بین الاقوامی کانفرنس برائے ویسٹ مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں شرکت کی۔ شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق عالمی کانفرنس جس کا موضوع سولیٹ ویسٹ کی نئی معیاری پیداواری صلاحیت کو تیز کرنا اورویسٹ سے پاک شہروں کی تعمیر کو فروغ دینا تھا۔

اس عالمی کانفرنس میں تقریباً 700 عالمی ماہرین، پالیسی سازوں اور صنعتی رہنماؤں نے شرکت کی اورویسٹ کے انتظام کے چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر افتخار علی نے گلگت پاکستان کی مقامی کمیونٹی میں ویسٹ کی اینیروبک ڈائیزیشن کے ذریعے ماحول دوست اور پائیدار بائیو گیس پیدا کرنے کے مواقع پر بات کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گلگت کے منفرد ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق جدید اور پائیدار حل پیش کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویسٹ کو اینیروبک ڈائیزیشن کے ذریعے بائیو گیس میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جو ماحول دوست توانائی کا ذریعہ فراہم کرتا ہے اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دیتا ہے۔عالمی کانفرنس کا انعقاد تسنگھوا یونیورسٹی کے تعاون سے چائنا انسٹی ٹیوٹ آف انوائرنمنٹل سائنسز،چائنا انوائرنمنٹل پروٹیکشن انڈسٹری ایسوسی ایشن، اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام اور ایشیا اینڈ پیسفک باسل کنونشن ریجنل سینٹر نے کیا تھا۔

پروفیسر جنہوئی لی ایگزیکٹو ڈائریکٹر باسل کنونشن ریجنل سینٹر کی سربراہی میں منعقدہ اس ایونٹ میں نائب وزیر ماحولیاتی ایکولوجی لی گاؤ اور اکیڈمیشین ہاؤ جیمنگ جیسی اہم شخصیات نے خطاب کیا۔ انہوں نے ویسٹ سے پاک شہروں کے حصول کے لیے جدید ویسٹ مینجمنٹ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔واضح رہے کہ کے آئی یو شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر افتخار علی کی شرکت نے نہ صرف جامعہ قراقرم کی عالمی تعلیمی دائرے میں بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگرکرتی ہے بلکہ پاکستان کی پائیدار ماحولیاتی حل کے عزم کو بھی نمایاں کرتی ہے۔

ان کی اس کانفرنس میں شرکت سائنس، ٹیکنالوجی اور پالیسی کو مربوط کرکے سبز تر مستقبل بنانے کے لیے مد دگار ثابت ہوگی جو گلگت بلتستان جیسے علاقوں میں مقامی سطح پر قابلِ عمل اقدامات کے لیے امید کی کرن ہے۔یہ سنگِ میل پاکستان کے عالمی پائیداری کے دھارے میں کردار کو بلند کرتا ہے جو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔ کے آئی یو شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر افتخار علی کی کانفرنس میں شرکت کے آئی یو اور قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے جوویسٹ سے پاک اور پائیدار دنیا کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو تقویت دے گی۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے شعبہ کیمسٹری کے سربراہ ڈاکٹر افتخار علی کو عالمی سطح پر پاکستان بلخصوص جامعہ قراقرم کی شاندار نمائندگی کرنے پرخراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے ا س کامیابی کو جامعہ کے عالمگیریت کے وژن کو تقویت دینے والا ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔