ڈی ہاڈ سسٹین ایبل آرگنائزیشن اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے مابین سٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 8 جولائی 2025 21:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ڈی ہاڈ سسٹین ایبل آرگنائزیشن نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ساتھ سٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد متحدہ عرب امارات اور اس سے آگے انسانی خدمت اور صحت کے شعبوں میں پائیدار اور طویل المدتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔متحدہ عرب امارت کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ شراکت ہنگامی امداد سے ترقیاتی ماڈل کی جانب منتقلی کی عکاسی کرتی ہے جس میں پائیداری، تعلیم اور صلاحیت سازی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر صحت، تعلیم اور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں اقدامات کا آغاز کریں گے۔ اس میں پاکستان میڈیکل سینٹر کی معاونت بھی شامل ہے جس میں طبی سامان، ادویات کی فراہمی شامل ہوگی تاکہ مرکز تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کر سکے۔

(جاری ہے)

آنے والے منصوبوں میں تکنیکی تربیت، رضاکارانہ پروگرام، آگاہی سیشنز اور علم کے تبادلے جیسے اقدامات بھی شامل ہیں جن کا مقصد کمیونٹیز کو طویل مدت میں خود مختار بنانا ہے۔

اس موقع پر ڈی ہاڈ کے ڈائریکٹر جنرل خالد العطار نے کہا کہ ان کی تنظیم صرف امداد فراہم کرنے پر نہیں بلکہ جامع ترقیاتی نظام کی تشکیل پر یقین رکھتی ہے تاکہ کمیونٹیز خود کفیل بن سکیں۔ انہوں نے اس شراکت داری کو عالمی تعاون اور پائیدار انسانی خدمت کے وژن کا عملی نمونہ قرار دیا۔صدر پاکستان ایسوسی ایشن دبئی ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ یہ اشتراک صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں مشترکہ عزم اور حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کے مطابق اس تعاون کے ذریعے ادارے مقامی اور عالمی سطح پر اپنے اثرات میں وسعت لائیں گے۔یاد رہے کہ مذکورہ معاہدہ جدید انسانی امداد کو شاملاتی، طویل مدتی اور ترقیاتی پہلوؤں پر مبنی بنانے کی کوشش ہے، جو ڈی ہاڈ کے عالمی مشن سے ہم آہنگ ہے۔ ڈی ہاڈ اب تک 197 ممالک میں 22.9 ملین سے زائد افراد کو خدمات فراہم کر چکا ہے جس میں 967 سے زائد شراکتیں اور 1.4 ارب یورو مالیت کے منصوبے شامل ہیں۔

تنظیم عالمی فورمز کی میزبانی بھی کرتی ہے اور حال ہی میں مصر میں اسمارٹ لرننگ روم جیسے منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں۔پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والی واحد لائسنس یافتہ تنظیم ہے اور خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی غیر منافع بخش طبی سہولت بھی چلا رہی ہے، ادارے کی خدمات میں صحت، تعلیم اور وطن واپسی کی معاونت شامل ہیں۔