ٹرمپ نیتن یاہو ملاقات میں غزہ جنگ بندی اور دوریاستی حل سے متعلق کوئی اعلان نہ ہوسکا

منگل 8 جولائی 2025 22:47

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں غزہ جنگ بندی اور دو ریاستی حل سے متعلق کوئی اعلان نہ ہوسکا۔اسرائیلی وزیرِاعظم نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے بھی نامزد کردیا۔امریکی صدر نے دو ریاستی حل کا سوال یہ کہہ کر اسرائیلی وزیرِاعظم کی جانب اچھال دیا کہ دو ریاستی حل کے سوال کا جواب دینے والا سب سے بہتر آدمی میرے سامنے موجود ہے۔

(جاری ہے)

اس پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ وہ صرف ان فلسطینیوں کی حکومت چاہتے ہیں کہ جن سے اسرائیل کو کوئی خطرہ نہ ہو، فلسطینیوں کی مجموعی سیکیورٹی کی ذمہ داری اسرائیل کے پاس ہی رہے گی، اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ آزاد ریاست ایسی نہیں ہوتی تو ہمیں اس کی کوئی پرواہ نہیں، ایسی کوئی ریاست قبول نہیں جو اسرائیل کی تباہی کا پلیٹ فارم بن سکتی ہو۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصویر جاری کی گئی ہے جس پر ’فائٹ! فائٹ! فائٹ!‘ کا پیغام درج ہے۔