بھارتی حکومت کی ایکس کو رائٹرز سمیت 2,300سے زائد اکائونٹس بلاک کرنے کی ہدایت

منگل 8 جولائی 2025 22:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ایلون مسک کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم'' ایکس''(سابقہ ٹویٹر)نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت نے اسے 2,300سے زائد اکائونٹس بلاک کرنے کی ہدایت کی ہے جن میں عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے اکائونٹس بھی شامل ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایکس نے اپنے حکومتی امور کے عالمی ہینڈل سے ایک پوسٹ میں کہا کہ 3جولائی 2025کو اسے بھارتی حکومت کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 69Aکے تحت 2,355اکائونٹس کو بلاک کرنے کی باضابطہ ہدایت موصول ہوئی۔

اس فہرست میں رائٹرز اور رائٹرز ورلڈ جیسے بین الاقوامی شہرت کے نیوز ہینڈل بھی شامل تھے۔ایکس نے کہا کہ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے بغیر کسی وضاحت یا جواز پیش کیے ایک گھنٹے کے اندر فوری تعمیل کا حکم جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

پلیٹ فارم کو دھمکی دی گئی تھی کہ حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی ۔ اگلی ہدایات تک اکائونٹس کو بلاک رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

اس فیصلے پر آزادی صحافت کے حامیوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نگراں عالمی اداروں کی طرف سے بڑے پیمانے پر تنقید کا آغازہوا۔ عوامی ردعمل کے بعد بھارت حکومت نے ایکس سے رائٹرز کے اکائونٹس بحال کرنے کو کہا۔ ایکس نے درپیش خطرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں ان بلاکنگ احکامات کی وجہ سے بھارت میں جاری پریس سنسرشپ کے حوالے سے گہری تشویش ہے۔

ایکس دستیاب تمام قانونی راستے اختیارکر رہا ہے۔ تاہم اس نے ان قانونی حدود کا حوالہ دیا جن کا اسے سامنا ہے۔ایکس نے کہاکہ بھارت میں موجود قوانین کی وجہ سے ان ایگزیکٹو آرڈرز کے خلاف ہمارے پاس قانونی کارروائی کے اختیارات بہت محدود ہیں۔ہم متاثرہ صارفین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عدالتوں کے ذریعے قانونی مدد حاصل کریں۔اس واقعے سے ایک بار پھر بھارت میں میڈیا کی آزادی اور حکومتی مداخلت کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا ہوئے ہیں، خاص طور پر ایسے قوانین کے بارے میں جو مبہم ہیں اور من مانی سنسرشپ کی اجازت دیتے ہیں۔