یونیسکو پاکستان کو ثقافتی ورثے کے تحفظ میں تعاون فراہم کرے گا: فواد پاشایوف

منگل 8 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) یونیسکو کے پاکستان میں نمائندے فواد پاشایوف نے پاکستان میں مادی اور غیر مادی ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے یونیسکو کے آئندہ بڑے عالمی ثقافتی پروگرامز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مونڈی کلٹ کانفرنس 26 ستمبر تا یکم اکتوبر 2025، بارسلونا، جنرل کانفرنس کا 43 واں اجلاس 30 اکتوبر تا 13 نومبر 2025، پیرس اور بین الحکومتی کمیٹی کا 20 واں اجلاس 8 تا 13 دسمبر 2025 منعقد ہو گا ۔

یہ بات فواد پاشایوف نے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے ان تقریبات میں پاکستان کی شرکت یقینی بنانے کی درخواست کی۔وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے آگاہ کیا کہ ان کے دفتر کو مونڈی کلٹ ایونٹ میں شرکت کی دعوت موصول ہو چکی ہے اور وہ پاکستان کی نمائندگی یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

فواد پاشایوف نے یونیسکو کی ان کوششوں پر روشنی ڈالی جو عالمی ثقافتی ورثے کے تحفظ، اس کے انتظام، غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام، تخلیقی صنعتوں کے فروغ اور دیگر شعبوں میں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسکو پاکستان مختلف شراکت داروں کو زیرِ آب ثقافتی ورثے (UCH) کے تحفظ سے متعلق آگاہی کے لیے متحرک کر رہا ہے اور پاکستان کی جانب سے 2001 کے کنونشن کی توثیق کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یونیسکو 7 اور 8 اکتوبر 2025 کو ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کر رہا ہے تاکہ یو سی ایچ کے تحفظ اور کنونشن کی توثیق کیلئے آگاہی، مکالمہ اور روڈ میپ پر گفتگو کی جا سکے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا کہ 30 جون 2025 کو منعقدہ UCH اجلاس میں ان کی ٹیم نے شرکت کی۔وفاقی وزیر اور سیکرٹری وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت نے 2001 کے کنونشن کی توثیق کیلئے کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور یونیسکو سے مزید مقامات کو عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کروانے کیلئے تعاون کی درخواست کی۔

فواد پاشایوف نے وزیر کو یقین دلایا کہ یونیسکو مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر یونیسکو کے ہیڈ آف کلچر جواد عزیز نے اعلان کیا کہ 3 سے 7 نومبر 2025 کے دوران ایک ورکشاپ منعقد ہوگی جس کا مقصد عالمی ثقافتی ورثے کے انتظام و انصرام کو مضبوط بنانا اور نامزدگی فائل تیار کرنے کے عمل میں پاکستان کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔وفاقی وزیر اور سیکرٹری نے پاکستان میں ثقافتی مقامات، نوادرات اور عجائب گھروں کے تحفظ و انتظام میں استعدادِ کار بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

جواد عزیز نے یونیسکو، وزارت قومی ورثہ و ثقافت اور لوک ورثہ کے درمیان ماضی میں قائم اشتراک اور جاری منصوبوں کا حوالہ دیا جن کے تحت غیر مادی ثقافتی ورثے کی صوبائی سطح پر فہرست تیار کی گئی ہے۔ لوک ورثہ سندھ کی ثقافتی فہرست کو قومی فہرست سے جوڑنے اور تھرپارکر و کیلاش کی مقامی دستکاری کی نمائش کے انعقاد میں مدد فراہم کرے گا۔