سندھ میں 4.1 ملین بچیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے ایچ پی وی ویکسین مہم کی تیاری، ٹیکنیکل ورکنگ گروپ سرگرم

بدھ 9 جولائی 2025 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) ہیومن پیپیلوما وائرس ( ایچ پی وی ) ویکسین مہم کے سلسلے میں ٹیکنیکل ورکنگ گروپ (ٹی ڈبلیو جی ) کا تیسرا اجلاس صوبائی ای پی آئی دفتر میں این پی آئی سندھ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر راج کمار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تکنیکی ماہرین اور دیگر شراکت داران نے شرکت کی اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔

یہ مہم، جو 15 ستمبر سے 27 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، سندھ بھر میں 9 سے 14 سال کی 4.1 ملین بچیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے تقریباً 2.05 ملین بچیاں اسکول بیسڈ پلیٹ فارمز کے ذریعے کور کی جائیں گی۔ موجودہ اندراج کے اعداد و شمار کے مطابق 7,77,824 بچیاں سرکاری اسکولوں میں اور 6,26,337 بچیاں نجی اسکولوں میں داخل ہیں، جبکہ 6,45,839 بچیوں کا ڈیٹا تاحال دستیاب نہیں، جس کی تصدیق محکمہ تعلیم سے فوری درکار ہے۔

(جاری ہے)

باقی 2.05 ملین آؤٹ آف اسکول بچیوں میں سے 46 فیصد بچیاں صوبے کے 20 اضلاع کی 35 فیصد تحصیلوں میں مرکوز ہیں، جن میں کم خدمات یافتہ شہری بستیاں، بھٹہ خانے اور دیہی مزدور طبقے شامل ہیں۔اجلاس میں شامل نمایاں شرکاء میں ڈاکٹر نعمان اعجاز اور ڈاکٹر وقار سومرو (ڈبلیو ایچ او)، ڈاکٹر طارق مسعود (گیوی)، ڈاکٹر احسن بھرگری، ڈاکٹر زید بن عارف، اور سنیل راجہ (یونیسف)، ڈاکٹر تزئین عباس (سیکریٹری جنرل ایس ا وجی پی )، ڈاکٹر سعدیہ احسن پال، ڈاکٹر مسلمہ اعجاز (اے کے یو)، پروفیسر ڈاکٹر اقبال میمن، ڈاکٹر خالد شفیع، ڈاکٹر سعداللہ (پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن)، ڈاکٹر زاہد میمن، ڈاکٹر صدف جعفری (آر ایم این سی ایچ )، ڈاکٹر رابعہ احمد (پی پی ایچ آئی )، ڈاکٹر حمیرا (سی ایس او )، جناب نجم ریاض (آئی آر ڈی ) اور لورا ویلز (پروگرام منیجر، جھپیگو) شامل تھے۔

سیشن کی میزبانی ڈاکٹر سہیل رضا شیخ (ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ) نے کی، جبکہ ڈاکٹر خلیل اللہ میمن اور ڈاکٹر ارسلان میمن نے تکنیکی تعاون فراہم کیا۔