صدرٹرمپ کا روس پرمزید پابندیوں کا عندیہ

بدھ 9 جولائی 2025 18:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن پر سخت تنقید کرتے ہوئے یوکرین کے لیے امریکی دفاعی ہتھیاروں کی نئی کھیپ کی منظوری دے دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ماسکو کے خلاف مزید سخت اقتصادی پابندیوں پر بھی غور کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے روس-یوکرین جنگ میں ہونے والے انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ میں پیوٹن سے خوش نہیں ہوں کیونکہ روسی اور یوکرینی فوجی ہزاروں کی تعداد میں مارے جا رہے ہیں، اور روسی صدر کی جانب سے بہت خوش اخلاقی دکھائی جاتی ہے لیکن وہ صرف دکھاوے پر مبنی ہوتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے روس کے خلاف سینیٹ میں زیر غور ایک سخت پابندیوں کے بل کی حمایت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں اس بل پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں۔ یہ بل ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم (جنوبی کیرولائنا) اور ڈیموکریٹک سینیٹر رچرڈ بلومینتھل (کنیکٹی کٹ) نے پیش کیا ہے، جس کے تحت روس سے تیل، گیس، یورینیم اور دیگر مصنوعات خریدنے والے ممالک پر 500 فیصد اضافی محصولات عائد کیے جائیں گے۔