پولیس مقابلہ، دو بین الصوبائی ڈاکو ہلاک، اسلحہ برآمد

صوبہ سندھ اور پنجاب کے تھانوں کی 20سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے،دو فرار

بدھ 9 جولائی 2025 20:42

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) تھانہ سٹی کے نواحی علاقے پیر دی ہٹی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت سمیر اور علی حسنین کے ناموں سے ہوئی، جو اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی جیسے 20 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ دونوں ملزمان کراچی، لاہور اور پاکپتن سمیت سندھ و پنجاب کے مختلف تھانوں میں ریکارڈ یافتہ تھے۔

(جاری ہے)

مقابلے سے قبل چار مسلح ڈاکوؤں نے 38 ڈی کے نواحی علاقے میں اسلحے کے زور پر شہری سے موٹر سائیکل چھینی، جس پرپولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ترجمان پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔