Live Updates

لاہور میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے لگا

جیل روڈ، کلمہ چوک، ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری

بدھ 9 جولائی 2025 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) لاہور کے مختلف علاقوں میں رات گئے موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ جیل روڈ، کلمہ چوک، نصیرآباد، انارکلی، جین مندر، بھاٹی گیٹ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، نشتر، کینال روڈ اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے جبکہ شہر کی فضا میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے۔

تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد، مری، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، قصور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد اور دیگر علاقوں میں بھی تیز بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ عوام کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات