فاطمہ جناح کی برسی پر مسلم لیگ کونسل کی تقریب، مادر ملت کو خراج عقیدت

چوہدری نعیم حسین چٹھہ اور چوہدری اختر عباس کی صدارت میں قرآن خوانی اور ملکی سلامتی کی دعائیں

بدھ 9 جولائی 2025 22:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) مسلم لیگ کونسل کے زیر اہتمام مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی لاہور میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت پارٹی کے مرکزی صدر و سابق پارلیمنٹرین چوہدری نعیم حسین چٹھہ اور قائم مقام چیئرمین چوہدری اختر عباس نے کی۔

تقریب میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب میں محترمہ فاطمہ جناح کی ملکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، پاک فوج کے شہداء کو بھی یاد کیا گیا، اور ان کے ایصال ثواب، درجات کی بلندی، مغفرت اور ملکی سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح آل انڈیا مسلم لیگ کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کی رکن رہیں، اور 1941ء میں آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد بھی انہوں نے رکھی۔

(جاری ہے)

قیام پاکستان کے بعد آپ نے مہاجرین کی آبادکاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب میں کہا گیا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے خواتین کے حقوق، شعور اور قومی زندگی میں ان کی شمولیت کے لیے مثالی جدوجہد کی۔ اپوا کے پلیٹ فارم سے انہوں نے ملک بھر میں خواتین کے لیے آواز بلند کی اور عملی اقدامات کیے۔مقررین نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح جانتی تھیں کہ پاکستان کی ترقی خواتین کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، اس لیے انہوں نے عملی جدوجہد کو اپنا نصب العین بنایا۔

اُن کی کتاب ''میرا بھائی'' میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی کے کئی ان دیکھے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔9 جولائی 1967ء کو محترمہ فاطمہ جناح اس دنیا سے رخصت ہو گئیں، مگر ان کی جدوجہد، اصول پسندی اور خلوص آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہی بے مثال خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’مادرِ ملت‘‘ کا عظیم لقب دیا گیا۔