ہیری بروک نے آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

بدھ 9 جولائی 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر ہیری بروک نے آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، انہوں نے ہم وطن تجربہ کار بیٹر جو روٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہیری بروک نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 158 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر 886 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ ہیری بروک رینکنگ میں سرفہرست آئے ہوں، دسمبر 2024 میں بھی وہ ایک ہفتے کے لیے دنیا کے نمبر ون بیٹر بنے تھے۔ ایجبسٹن ٹیسٹ کے ہیرو بھارت کے کپتان شبمن گل رہے جنہوں نے دونوں اننگز میں بالترتیب 269 اور 161 رنز بنا کر ایک نیا سنگ میل عبور کیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں محض دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک ہی میچ کی دونوں اننگز میں 150 سے زائد رنز اسکور کیے۔

(جاری ہے)

ان کا مجموعی اسکور 430 رنز رہا جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے۔ اس شاندار کارکردگی نے انہیں آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 15 درجے ترقی دے کر چھٹے نمبر پر پہنچا دیا جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔ یاد رہے کہ وہ اس سیریز کے آغاز پر 23ویں نمبر پر تھے۔ ادھر جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر ویان مولڈر نے بلاوایو ٹیسٹ میں ناقابل شکست 367 رنز بنا کر تاریخ رقم کی۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔ اس غیر معمولی کارکردگی کی بدولت مولڈر کو 34 درجے ترقی ملی اور وہ اب آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔ ون ڈے فارمیٹ میں بھی تازہ ترین رینکنگ میں تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ سری لنکا کے بیٹر چاریتھ اسالنکا اور کوسل مینڈس نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت رینکنگ میں نمایاں پیش رفت کی۔

اسالنکا نے پہلے ون ڈے میں 106 رنز کی اننگز کھیل کر چھٹے نمبر پر قبضہ جما لیا جبکہ کوسل مینڈس نے سیریز کے آخری میچ میں 124 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی۔ تازہ ترین آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ کے مطابق بھارت کے شبمن گل سرفہرست ہیں، پاکستان کے بابر اعظم دوسرے نمبر پر جبکہ بھارت کے روہت شرما تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔