نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار 11 جولائی کو کوالالمپور میں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

بدھ 9 جولائی 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 11 جولائی 2025ء کو کوالالمپور ( ملائیشیا )میں منعقد ہونے والے آسیان ریجنل فورم (اے آر ایف) کے 32 ویں وزارتی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ اس اجلاس میں اے آر ایف کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندگان کے ساتھ ساتھ آسیان کے سیکر ٹری جنرل بھی شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے آر ایف وزارتی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایشیا پیسیفک خطے کو درپیش سیاسی اور سکیورٹی امور پر ہونے والی گفتگو میں حصہ لیں گے جس میں مکالمے کے ذریعے امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ کوالالمپور کے دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اپنے ملائیشیائی ہم منصب کے علاوہ دیگر شریک وزرائے خارجہ اور نمائندگان سے بھی ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ اے آر ایف کا قیام 1994ء میں عمل میں آیا تھا اور یہ علاقائی امن و سلامتی سے متعلق کثیرالجہتی مکالمے اور مشاورت کا ایک اہم فورم ہے۔ پاکستان 2004ء میں اس فورم میں شمولیت کے بعد سے اے آر ایف کا ایک فعال رکن رہا ہے اور اس کی سرگرمیوں اور اقدامات میں تعمیری طور پر حصہ لیتا رہا ہے۔