بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے ملاقات

بدھ 9 جولائی 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور سی ای او عبدالکبیر زرکون نے پاکستان میں قطر کے سفیر، عزت مآب علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے ملاقات کی، اس موقع پر بلوچستان میں سرمایہ کاری اور باہمی ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ سی ای او عبدالکبیر زرکون نے بلوچستان میں جاری اور مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے معدنیات، بنیادی ڈھانچے، توانائی، زراعت، سیاحت اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بلوچستان کی سرمایہ کاری کے لیے تیاری اور پْرکشش ماحول پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا محلِ وقوع اسٹریٹجک نوعیت کا ہے اور ہم قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔

حکومت بلوچستان غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد بلوچستان کو پائیدار ترقی اور معاشی رابطوں کا مرکز بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم قطر کی پاکستان میں ترقیاتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ ہم قطری سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے وسیع مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے قطری سفیر کو بلوچستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ صوبے کی صلاحیتوں کا مشاہدہ خود کر سکیں۔ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ اور خطے میں خوشحالی کے لیے مشترکہ سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔