Live Updates

انڈیا نے دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے خبردارکردیا

پنجاب کے دریاﺅں میں طغیانی کی صورتحال برقرار‘مسلسل بارشوں کے باعث دریاﺅں کے بہاﺅ میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے. پی ڈی ایم اے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 ستمبر 2025 15:21

انڈیا نے دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے خبردارکردیا
اسلام آباد/لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 ستمبر ۔2025 )انڈیا نے دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے پاکستان سے سفارتی سطح پر رابطہ کرتے ہوئے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے پاکستان کی وزارت آبی وسائل کے مطابق انڈین ہائی کمیشن نے پاکستان کو دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے.

(جاری ہے)

وزارت آبی وسائل کے مطابق دریائے ستلج میں ہریک اور فیروز پور کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے دوسری جانب پنجاب کے دریاﺅں میں طغیانی کی صورتحال بدستور جاری ہے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث دریاﺅں کے بہاﺅ میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے. پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاﺅ دو لاکھ 61 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے اسی طرح سلیمانکی کے مقام پر بھی دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاﺅ ایک لاکھ 37 ہزار کیوسک ہے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 69 ہزار کیوسک ہے جبکہ خانکی ہیڈ ورکس اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں بالترتیب ایک لاکھ 8 ہزار اور ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک پانی کا بہاﺅ ریکارڈ کیا گیا ہے.

انہوں نے بتایا کہ ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 4 لاکھ 16 ہزار کیوسک ہے جبکہ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاﺅ 4 لاکھ 52 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر کے مطابق دریائے راوی میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 28 ہزار کیوسک ہے جبکہ شاہدرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاﺅ 59 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے بلوکی ہیڈ ورکس پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاﺅ ایک لاکھ چار ہزار کیوسک ہے اس کے علاوہ ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاﺅ ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے.

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ پر ہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں پی ڈی ایم اے کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے. 
انڈیا نے دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے خبردارکردیا
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات