بھارت کا اے سی سی میٹنگ ڈھاکا میں رکھنے پر اعتراض ، دستبرداری پر غور

بھارتی بورڈ نے ایشیا کپ کے حوالے سے کلئیرنس کے لیے حکومت سے رابطہ کرلیا، ایشیاء کپ کے انعقاد کے لیے یو اے ای بھی بیک اپ پلان ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 جولائی 2025 12:24

بھارت کا اے سی سی میٹنگ ڈھاکا میں رکھنے پر اعتراض ، دستبرداری پر غور
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جولائی 2025ء ) بھارت نے ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ سے قبل ہی مسائل کھڑے کرنا شروع کردیے۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی میٹنگ 24 جولائی کو ڈھاکا میں شیڈول کی گئی ہے جسے بھارتی بورڈ کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا خواہاں ہیں۔ 
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈھاکا میں شیڈول اے سی سی میٹنگ کسی دوسرے وینیو پر منتقل نہ کی گئی تو بھارتی بورڈ میٹنگ سے دستبردار ہونے پر غور کرسکتا ہے جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے میٹنگ کا وینیو تبدیل کرنے کا بھی کہہ دیا ہے۔

 
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث بنگلا دیش جانا مناسب نہیں ہے لہٰذا بھارتی بورڈ نے اے سی سی میٹنگ کے وینیو کو شفٹ کرنے سے متعلق باضابطہ بتادیا ہے۔

(جاری ہے)

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھارتی بورڈ اگست میں بنگلا دیش میں سیریز بھی ملتوی کر چکا ہے۔ 
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناؤ کی وجہ سے مودی سرکار نے دورہ ملتوی کرنے کا کہا ہے۔

 
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ کے لیے 3 وینیوز کو متبادل پلان کے طور پر رکھ لیا گیا ہے بس بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت کی جانب سے ہدایت کا انتظار ہے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی، ابو ظبی اور شارجہ کے وینیو ز کو ایشیا کپ کے لیے رکھا گیا ہے اور اگر بھارتی بورڈ کو حکومت کی جانب سے اجازت نہیں ملتی تو بورڈ اس ونڈو میں ملٹی نیشن ٹورنامنٹ کا انعقاد کر سکتا ہے۔

 
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ بی سی سی آئی نے ایشیا کپ کے حوالے سے کلئیر نس کے لیے حکومت سے رابطہ کیا ہوا ہے، ایشیا کپ کے انعقاد کے لیے یو اے ای بھی بیک اپ پلان ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاکستان کے خلاف کھیلنے کی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ایشیا کپ پر خدشات کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق مجوزہ شیڈول کے مطابق ایشیا کپ کا میزبان یو اے ای ہو سکتا ہے ایونٹ کا آغاز 5 ستمبر سے ہو گا اور مجوزہ شیڈول میں پاک بھارت میچ 7ستمبر کو رکھا گیا ہے۔