پانچویں سالانہ ریسرچ کانفرنس کی کامیابی پر کیرک انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے وائس چانسلر جامعہ سرگودھا کے نام شکریہ کا خط جاری

جمعرات 10 جولائی 2025 15:55

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) بین الاقوامی سطح پر تعلیمی وتحقیقی اشتراک کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر کیرک انسٹی ٹیوٹ نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کو تعریفی خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ پانچویں سالانہ ریسرچ کانفرنس کی کامیابی میں یونیورسٹی آف سرگودھا کی شراکت اور معاونت کے اعتراف میں کیرک انسٹی ٹیوٹ نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے نام ایک شکریہ کا خط جاری کیا ہے۔

خط میں یونیورسٹی کے اشتراکی جذبے، پیشہ ورانہ رویے اور فعال کردار کو کانفرنس کی کامیابی میں کلیدی حیثیت قرار دیا گیا ہے۔اس اعلیٰ سطحی کانفرنس میں 200 سے زائد ملکی وغیرملکی شرکاءنےشرکت کی،جن میں پالیسی ساز،محققین، ترقیاتی اداروں کے نمائندے اور 50 کے قریب بین الاقوامی مندوبین شامل تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں علاقائی رابطے، تجارتی انضمام، انفراسٹرکچر کی پائیداری اور ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی جیسے اہم موضوعات پر مکالمہ ہوا۔

کیرک انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر چاری محمد شالیئیف نے اپنے پیغام میں یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے ساتھ مزید اشتراک کے خواہاں ہیں۔خط میں اس امر کو بھی نمایاں کیا گیا کہ کانفرنس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد جیسے نمایاں حکومتی رہنماؤں کی شرکت نے اس علمی اجلاس کو قومی اہمیت عطا کی۔

کیرک انسٹی ٹیوٹ کے مطابق یہ کانفرنس نہ صرف پاکستان کے سافٹ امیج کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ اس نے وسطی اور جنوبی ایشیائی خطے میں تحقیقی و پالیسی اشتراک کے نئے مواقع بھی فراہم کیے جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی فعال شرکت اور تحقیقی سفارت کاری اس کے اس وژن کی عکاس ہے جس کے تحت وہ علاقائی و عالمی سطح پر علم، ترقی اور اشتراک کے سفر میں ایک مؤثر شراکت دار بن کر ابھر رہی ہے۔