پارلیمان قومی ترقی کے لئے سماجی مسائل کے حل بالخصوص آبادی کے توازن سے متعلق قانون سازی کرنے کے لئے پُرعزم ہے، سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 10 جولائی 2025 19:49

پارلیمان قومی ترقی کے لئے سماجی مسائل کے حل بالخصوص آبادی کے توازن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کو آبادی میں تیزی سے اضافہ کے چیلنج کا سامنا ہے جس سے قومی وسائل پر دباؤ، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں، آبادی میں توازن برقرار رکھے بغیر پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور معاشرتی استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجو ہر سال 11 جولائی کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام منایا جاتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمان قومی ترقی کے لئے سماجی مسائل کے حل بالخصوص آبادی کے توازن سے متعلق قانون سازی کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی حکومتوں سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، علماء ، سول سوسائٹی، اور میڈیا کو اس سلسلے میں کردار ادا کرنے کا کہا۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آبادی میں توازن سے نہ صرف معاشی ترقی ممکن ہے بلکہ ہر فرد کو تعلیم، صحت، اور باعزت روزگار کے مساوی مواقع میسر آ سکتے ہیں۔ انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج پر مؤثر انداز سے قابو پانے کے لئے پالیسی ساز اداروں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کی ضروریات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے طویل المدتی منصوبہ بندی کریں۔