آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2025، اقلیتی برادری اور زمونگ کورکے بچوں کی بھرپور شرکت ، قومی یکجہتی کی شاندار مثال کا مظاہرہ

جمعرات 10 جولائی 2025 20:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام منعقدہ سمر کیمپ 2025 میں ملک بھر سے نوجوانوں کی شرکت کے ساتھ ساتھ پشاور سے تعلق رکھنے والے یتیم بچوں کے ادارے زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ فار چلڈرن اور ہندو، سکھ و مسیحی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی، جو بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی روشن مثال بن گئی۔

سمر کیمپ میں بچوں نے سپورٹس گالا، پیرا ٹریننگ اسکول کے دلچسپ مظاہروں اور مختلف عسکری سرگرمیوں میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ کیمپ کے شرکاء نے اس منفرد تجربے کو نہ صرف معلوماتی اور تربیتی قرار دیا بلکہ کئی بچوں نے اسے پاک فوج میں شمولیت کی طرف پہلا قدم بھی قرار دیا۔

(جاری ہے)

ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی طالبہ انمول نے کہا مجھے پاکستان کی اقلیتی برادری کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔

سبز ہلالی پرچم کے سفید رنگ کی نمائندگی میرے لیے باعثِ عزت ہے۔ ایک اور طالبہ دیا وکرم کا کہنا تھا سمر کیمپ سے ہم بہت ساری یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ پاکستان کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔عنیزہ انیل نے کہامیری پہچان پاکستان ہے، اور سمر کیمپ میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے۔مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے طالب علم موسیٰ جمیل نے کہا سمر کیمپ نے ہمیں یہ شعور دیا کہ اگر پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی طالبہ منپرت کور نے پیرا ٹریننگ اسکول کے دورے کو ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔ شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر اور پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور درخواست کی کہ ایسے تربیتی کیمپ سال میں دو بار منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو وطن سے محبت اور دفاع کے جذبے سے روشناس کرایا جا سکے۔یہ کیمپ نہ صرف عسکری شعور پیدا کرنے کا ذریعہ ثابت ہوا بلکہ اس نے قومی ہم آہنگی، رواداری اور یکجہتی کا عملی پیغام بھی دیا۔